• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کی قانون سازی آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ ہے، مریم اورنگزیب


مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آج کی قانون سازی ماورائے آئین ہے، آج کی قانون سازی آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ ہے۔

مریم اورنگزیب نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق  بیان میں کہا ہے کہ ڈسکہ الیکش چور عمران اگلے الیکشن پر ڈاکا ڈالنے کی قانون سازی بلڈوز کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے آئینی اختیارات پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ ایک غیرجانبدار اور آزاد الیکشن کمیشن پر حملہ ہے، یہ انتخابی اصلاحات نہیں عوام کی رائے کے قتل کی سازش اورمنصوبہ بندی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات سازش، دھونس اور دھمکی سے نہیں پارلیمانی مشاورت سے ہوتی ہیں، یہ انتخابی اصلاحات کی قانون سازی نہیں، سلیکٹڈ عمران کا الیکشن چوری منصوبہ ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ انشاءاللّٰہ ایوان کے دونوں اطراف عوامی نمائندے عوام کی رائےکا قتل نہیں ہونے دیں گے، یہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین نہیں عوام کے ووٹ چوری کی تاریخی اور بدترین مثال ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ  عمران صاحب کو پتہ ہے عوام نے آٹا چینی بجلی گیس دوائی چوروں کو ووٹ نہیں دینا، پہلے اٹھارویں ترمیم نشانہ تھی، اب پورا آئین نشانے پر ہے، آئین، عوام کو آزادی، حقوق، وسائل میں حصہ دیتا ہے، اس کے نہ ہونے سے حادثے ہوئے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا عوام کا حق انتخاب چھیننا عملاً آئین کو دفن کرنا ہے، تین سال سے پاکستان کی عوام الیکشن چوری کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔

تازہ ترین