ملتان(سٹاف رپورٹر) تھانہ شاہ شمس کے علاقے میں بیٹی نے آشناکے ساتھ ملکر والد کو قتل کر دیا اور بعد ازاں اس کو کار میں رکھ کر ہاشمی کینال ویو کے علاقے میں چھوڑ کر واپس آگئے ،پولیس نے ٹیکنیکل طریقے سے تفتیش کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کر لیا تفصیل کے مطابق گرین ویو سکیم کے رہائشی حاجی فیض رسول گزشتہ تیس سال سے بیٹوں سمیت سعودی عرب میں مقیم ہے ،حاجی فیض سعودیہ عرب سے بیٹی وردا کی شادی کے لئے ملتان آیا ہوا تھا، پولیس کے مطابق وردا کے اپنے پڑوسی سعد وقاص کے ساتھ تعلقات تھے جس سے وہ شادی کر نا چاہتی تھی مگر حاجی فیض رسول نہیں مان رہا تھا جس پر دونوں نے اس کے قتل کی منصوبہ بندی کی ، رات دو بجے حاجی فیض رسول دوستوں سے ملکر گھر آیا توبیٹی وردا اور پڑوسی سعد نے ڈنڈے اور سوئے کے وار کر کے حاجی فیض بخش کو قتل کر دیا بعد ازاں اس کو اسی کی کار کی پچھلی سیٹ پر ڈال کر ہاشمی کینال ویو چھوڑ کر گھر آ گئے، پولیس کے مطابق اس واردات میں مزید افراد بھی شامل ہیں جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، مزید انکشافات کی توقع ہے پولیس نے وردا اور سعد دونوں کو حراست میں لے لیا ہے ۔