• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں کارروائی ،پانچ ہزار لٹرسے زائدملاوٹی دودھ تلف

پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور میں موٹر وے ٹول پلازے کے قریب ناکہ بندی اور شہر کے مختلف علاقوں میں دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5 ہزار لٹر سے زائد پانی و ملک پاوڈر ملا ملاوٹ دودھ تلف کردیا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کے مطابق وزیر خوراک خیبرپختونخوا عاطف خان کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا ہے۔ پشاور میں کاروائی کے دوران دودھ کے نمونے لیکر موقع پر ٹیسٹ کئے گئے اور دودھ میں پانی اور پاوڈر ملک ثابت ہونے پر 5 ہزار لٹر سے زائد دودھ کو تلف کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق پھندو روڈ پر ڈسٹریبیوشن سنٹر پر چھاپے کے دوران ایک ہزار لٹر سے زائد مس برانڈڈ خوردنی تیل برآمد کیا گیا۔ خوردنی تیل کی مس لیبلنگ پر ڈسٹریبیوشن سنٹر سیل کردیا گیا جبکہ مالکان کے خلاف بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔ کوہاٹ میں پنجاب سے داخل ہونے والے دودھ ٹینکرز کا معائنہ کیا گیا، اور پانی کی ملاوٹ پر سینکڑوں لٹر دودھ تلف کیا گیا اور ملوث افراد کے خلاف جرمانہ عائد کیا گیا۔ ضلع ٹانک میں مانجھی خیل چیک پوسٹ پرعلی الصبح مختلف دودھ ٹینکرز کی چیکنگ کی گئی، معائنے کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ پر ٹینکرز مالکان پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کی فیلڈ ٹیمز صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور طریقے سے سرگرم ہیں، دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔
تازہ ترین