پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ووٹرز لسٹ الیکشن کمیشن کے پاس آئینِ پاکستان نے دی ہے، اس فہرست کو نادرا منتقل نہیں کیا جاسکتا، چیئرمین نادرا موجودہ حکومت کی اگلی انتخابی مہم کیلئے نادرا کا ڈیٹا استعمال کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اگلے انتخابات کو 17 نومبر 2021 کی تاریخ ہی سے متنازع بنادیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کی آئینی ذمے داری ہے کہ وہ شفاف آزادانہ الیکشن منعقد کرے، کل الیکشن کمیشن کی سفارشات کو بلڈوز کردیا گیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں ہم سے ہزار گنا آگے ملک جرمنی میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال غیر قانونی قرار دیا جاچکا ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے ووٹرز سیکریسی متنازع ہوتی ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ان کے جِن کی جان ای وی ایم میں ہے، یہ مشین نہ آئی تو یہ ہار جائیں گے، الیکشن کمیشن نے دباؤ میں آکر کوئی قدم اٹھایا تو وہ آئین و قانون کے منافی ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ کلبھوشن کو ایسے موقع پر این آر او دیا گیا جب بھارت کشمیر پر مظالم ڈھارہا ہے، کشمیر کی اس بیٹی کو کیا جواب دیں جو باپ کے قتل پر دہائیاں دے رہی ہے، پاکستانی قوانین کے مطابق کلبھوشن ملٹری کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل کرسکتا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ حکومت نے پاکستان برائے فروخت کا لیبل ملک پر چسپاں کردیا ہے، جس طرح قوانین کی خلاف ورزی کی گئی اس کی مذمت کرتے ہیں۔