• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معذور بچے کو ماں نے پالنے سے انکار کردیا

انسان کا جذبہ ،ہمت اور حوصلہ بلند ہو تو وہ کسی بھی مشکل کو اپنی محنت اور لگن سے حل کرسکتا ہے۔ہمارے اطراف بہت سے ایسے لوگ ہیں جو حالات کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہیں اوربلآخر کار اپنی لگن و جستجو کا انعام پالیتے ہیں ۔ایسے ہی ایک بلند حوصلہ اورٹانگوں سے محروم امریکی نوجوان زیون کلارک بھی ہیں ، جنہوں نے بیس میٹر کا فاصلہ اپنے ہاتھوں کے بل پر صرف 4.78 سیکنڈ میں طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

اس سال 15 فروری 2021 کو میسیلون، اوہایو میں قائم کیے گئے ریکارڈ کو گنیز ورلڈ ریکارڈ نے بھی تسلیم کرتے ہوئے اسے اپنی آئندہ سالانہ کتاب ’’گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ 2022‘‘ کتاب کا حصہ بنا لیا ہے۔

چوبیس سالہ زیون کلارک پیدائشی طور پر ٹانگوں سے محروم ہے، اسے جنم دینے والی ماں نے اس کی پرورش سے انکار کر دیا تھا اوراسے اسپتال میں چھوڑ کر چلی گئی تھی ۔

وہ 16 سال کی عمر تک ایک گھر سے دوسرے پھر تیسرے گھر میں لے پالک بچے کے طور پر پلتا رہا۔ ہر طرح کی دشواری، حقارت اور پریشانی کا سامنا بھی کرتا رہا۔2013 میں کمبرلی ہاکنز نامی ایک خاتون نے زیون کو ہمیشہ کے لیے گود لے لیا اور وہ اُن کے ساتھ رہنے لگا۔

ٹانگوں سے محرومی زیون کی زندگی کا سب سے بڑا چیلنج تھا، جس کا سامنا کرنے کے لیےاُس نے ہر وہ کام کیا جو وہ کرسکتا تھا، اُسں نے اداکاری کی، باڈی بلڈنگ کی، ریسلنگ میں مہارت حاصل کی اور دنیا کو دکھا دیا کہ مجھ میں وہ سب کچھ کرنے کی قابلیت ہے جو ایک عام انسان کرسکتا ہے۔

دونوں ٹانگوں سے محروم نوجوان زیون حوصلے اور ہمت کی ایک مثال بن کر ابھرا، وہ اپنی معذوری کی بنا پر دوسروں کی ہمدردیاں سمیٹنے کے بجائے عزم و استقلال کی علامت بن چکا ہے،حتیٰ کہ دوسروں کو حوصلہ دینے کے لیے اُس نے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ کے علاوہ ذاتی ویب سائٹ بھی بنائی ہے۔ زیون کی زندگی پر نیٹ فلکس ایک مختصر ڈاکیومینٹری بھی بنا چکا ہے۔

زیون نے ایک امریکی مصنف کے تعاون سے اپنے بارے میں ایک کتاب بہ عنوان ’’زیون: ان میچڈ‘‘ بھی لکھی ہے۔اپنی صلاحیتوں کو ایک نئے انداز سے منوانے کےلیے پچھلے سال کووڈ 19 وبا کے دوران زیون نے ہاتھوں کی مدد سے دوڑنے کی مشق بہتر کرنا شروع کردی؛ اور بالآخر ایک سال بعد وہ ہاتھوں کے ذریعے تیز ترین دوڑ کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

اب وہ 2024 کے سمر اولمپکس اور پیرالمپکس میں حصہ لینے کی تیاری کررہے ہیں جہاں وہ سونے کا تمغہ جیتنے اور کوئی نیا عالمی ریکارڈ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

متوجہ ہوں!

قارئین کرام آپ نے صفحہ ’’نوجوان‘‘ پڑھا آپ کو کیسا لگا؟ ہمیں اپنی رائے سے ضرور آگاہ کریں۔ اگر آپ بھی نوجوانوں سے متعلق موضوعات پر لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں۔ ہم نوک پلک درست کرکے شائع کریں گے۔

ہمارا پتا ہے:

انچارج صفحہ ’’نوجوان‘‘ روزنامہ جنگ، میگزین سیکشن،

اخبار منزل،آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی۔

تازہ ترین