• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کے علاوہ قوم کسی پر اعتماد نہیں کرے گی، سراج الحق

پشاور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے وزیر اعظم کی اسمبلی میں آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف اسمبلی میں آنا ، تقریر کرنے اور صفائی پیش کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ مسئلہ تو مکمل حساب کتاب پیش اور غیر جانبدار کمیشن کے قیام سے ہی حل ہوگا، حکومت متفقہ ٹی او آر لانے میں پہل کرے،  حکومت نہیں ان تمام لوگوں کا محاسبہ ہونا چاہیے جن کے نام پانامہ لیکس میں آئے ہیں ، جن کے محلات اور کمپنیاں لندن، دبئی اور پانامہ میں ہیں، جماعت اسلامی ملک سے کرپشن اور کرپٹ سسٹم کا خاتمہ چاہتی ہے کیونکہ کرپشن اور کرپٹ قیادت پاکستان کیلئے ہندوہستان کے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ اشرفیہ پشاور میں ختم القرآن اور دستار بندی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ، انہوں نے کہاکہ ملک میں حقیقی احتساب کیلئے عوامی تحریک کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی نے کرپشن فری پاکستان مہم شروع کررکھی ہے جو جلد  کامیابی سے ہمکنار ہوجائیگا ، انہوں نے کہاکہ حکمران نے قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنائی جبکہ ملک کے عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات میسر نہیں ، انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک سے کرپشن کاخاتمہ کرکے  مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست قائم کرنا چاہتی ہے، انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس کے علاوہ قوم اب کسی اور پر اعتماد نہیں کرے گی کیونکہ حکمران حکومت یہاں کرتے ہیں اور ان کے دل پانامہ میں اٹکے رہتے ہیں، انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک سے استحصالی نظام کے خاتمہ کیلئے25مئی کو پشاور سے  ٹرین مارچ شروع کررہی ہے۔
تازہ ترین