کراچی، نوشہرہ (جنگ نیوز، نیوز ایجنسی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تیر کمان سے نکل چکا، عمران خان کو خبردار کررہا ہوں، اب تمہارے گھبرانے کا وقت شروع ہو چکا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے آپ کے گھر میں گھس کر آپ کو سیاسی شکست دیں گے، نوجوانوں کی سیاست اور حکومت ہو گی، عوامی منتخب حکومت بنا کر رہیں گے
انہوں نے دعویٰ تبدیلی لانے کا کیا تھا، یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے ، نوشہرہ میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ عمران خان ووٹ پرڈاکہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، جیالے کٹھ پتلی کو معاف نہیں کر سکتے ، اس سلیکٹڈ کو پکڑ کر حساب لیں گے، موجودہ حکومت ہر ادارے پر حملہ آور ہے
نوجوانوں کا نام لے کر آپ کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرنے والا 70 سالہ کھلاڑی اب بے نقاب ہو چکا ہے
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس ملک کے غریب عوام کی آواز ہے، جس نے اس ملک کے مزدوروں، کسانوں، محنت کشوں، طالبعلموں کو حقوق دیے لیکن آج خان صاحب کے نیا پاکستان میں عوام سے ان کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔