• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بد زبانی و بد اخلاقی کا کلچر عمران نیازی نے پروان چڑھایا: عطاء تارڑ

مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے وزیرِ اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی صاحب آپ ہر گزرتے دن کے ساتھ بے نقاب ہو رہے ہیں، ملک میں بد زبانی اور بد اخلاقی کا کلچر آپ نے پروان چڑھایا۔

اپنے قائدین مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی لاہور کی بینکنگ کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ آپ کو ذرا شرم نہیں آئی کہ لاہور میں ڈینگی سے لوگ مر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو اسپرے مارچ میں کرانا تھا وہ ستمبر میں کیوں کرایا گیا؟ اس کا ذمے دار کون ہے؟ جتنے لوگ اس ڈینگی سے وفات پا گئے ان کے قاتل عثمان بزدار ہیں۔

نون لیگی رہنما نے کہا کہ آپ نے تمام اپوزیشن کو جیل بھیجا، کیا ہمیں جیل بھیجنے سے آٹے کی قیمت کم ہوئی؟ ہر سیکٹر میں آپ نے ڈاکے مارے ہیں، پنجاب میں یہ حالات ہیں کہ غریب مریضوں نے علاج کرانا چھوڑ دیا ہے، انسولین عام عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہے۔

انہوں نے وزیرِ اعظم سے مسلسل مخاطب ہو کر کہا کہ عنقریب آپ کا گریبان ہوگا اور عوام کا ہاتھ ہو گا، آپ نے دوائیاں تک نہیں چھوڑیں۔

مسلم لیگ نون کے رہنما نے کہا کہ آپ 3 سال کی تاریخ بھی مانگ لیں اس کیس سے نکلنے وا لا کچھ نہیں، نواز شریف ہر گزرتے دن کے ساتھ سرخرو ہو رہے ہیں، دن بدن ان کی بے گناہی کے ثبوت آ رہے ہیں، آپ نے اب تک جتنے بھی کیسز بنائے ان میں نکلا کچھ نہیں۔

عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ ہم شہزاد اکبر اور شہباز گِل جیسے غیر ملکی افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق قانونی مشاورت کریں گے، یہاں سے اتنی جلدی بھاگنے نہیں دیں گے، آپ ایئر پورٹ کا رخ کریں گے تو آپ کو روکیں گے۔

انہوں نے وزیرِ اعظم عمران خان سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کے خلاف کیسز بنائیں گے کہ چینی، آٹا، ادویات کیوں مہنگی تھیں، یہ ملک سنبھالنا آپ کے بس کی بات نہیں ہے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے یہ بھی کہا کہ آپ نے اس ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے،عمران نیازی صاحب جتنے کیس بنانے ہیں بنا لیں، آپ کا یومِ حساب قریب ہے۔

تازہ ترین