پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلادیش کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔
ڈھاکا میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 109 رنز کا ہدف دیا تھا جو شاہینز نے 19ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پھر بدقسمت رہے اور ایک رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
تاہم بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رواں سال سب سے زیادہ رنز بنانے والے محمد رضوان اور آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں دھواں دھار اننگز کھیل کر اپنا مومنٹم حاصل کرنے والے فخر زمان نے عمدہ پارٹنرشپ بنا کر بنگلادیش کی جیت کا خواب چکنا چور کردیا۔
دونوں نے 85 رنز کی پارٹنرشپ بنائی جہاں 97 کے مجموعے پر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم فخر زمان نے جیت کی جانب پیش قدمی جاری رکھی اور 57 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کے ساتھ ٹیم کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی جتوادیا۔
بنگلادیش کی جانب سے امین الاسلام اور مستفیض الرحمان نے ایک، ایک وکٹ لی۔
پاکستانی بیٹر فخر زمان کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے دلچسپ اور سخت مقابلے کے بعد بنگلادیش کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ آج کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستانی بالرز نے بنگلادیشی بلے بازوں کی زیادہ چلنے نہ دی۔
آج دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کا آغاز ہوا تو بنگلادیش کی پہلی وکٹ ایک رن پر ہی گر گئی جب بنگلادیش کے سیف حسن کو شاہین آفریدی نے صفر پر آؤٹ کیا۔
پاکستان کے خلاف بنگلادیش کی دوسری وکٹ 5 رنز پر گری، محمد نعیم کو 2 رنز پر محمد وسیم جونیئر نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کے خلاف بنگلادیش کی تیسری وکٹ 51 رنز پرگری، عفیف حسین کو 20 رنز پر شاداب خان نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کے خلاف بنگلادیش کی چوتھی وکٹ 79 رنز پر گری، محموداللّٰہ کو 12 رنز پر حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کےخلاف بنگلادیش کی پانچویں وکٹ 82 رنز پر گری، ناظم الحسن کو40 رنز پر شاداب خان نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کے خلاف بنگلادیش کی چھٹی وکٹ 88 رنز پرگری، مہدی حسن کو 3 رنزپر محمد نواز نے آؤٹ کیا۔
میچ سے قبل بابراعظم کا کہنا تھا کہ اپنے بلے بازوں کی کارکردگی سے خوش ہوں، فخر اور نواز نے اچھی بیٹنگ کی، حسن علی کی جگہ شاہین آفریدی ٹیم میں شامل ہیں۔
دوسری جانب کپتان بنگلادیش کپتان محمود اللّٰہ کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں جو خامیاں تھیں اس پر قابو پانے کی کوشش کریں گے، بیٹنگ میں بہتری کی ضرورت ہے ۔
پاکستان بمقابلہ بنگلادیش کے درمیان ہونے والے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔
گزشتہ روز ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے دل چسپ اور سخت مقابلے کے بعد بنگلادیش کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا تھا، پاکستان نے ہدف 6 وکٹوں پر 132 رنز بناکر حاصل کیا تھا۔
اس میچ میں بنگلا دیش کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ پاکستانی بولر حسن علی نے لی تھی جس کے بعد بنگلا دیشی کھلاڑیوں کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا اور یکے بعد دیگرے کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔
اُس میچ میں بہترین کارکردگی پر حسن علی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا، حسن علی نے ایوارڈ کو ٹی20 ورلڈ کپ میں بھرپور سپورٹ کرنے والے فینز کے نام کردیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 22 نومبر کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔
آج ہونے والے میچ میں قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان (نائب کپتان)، خوشدل شاہ، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر اور شعیب ملک شامل ہیں۔