اسلام آ باد(پی پی آ ئی) پیپلز پارٹی کی نا ئب صدر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اکتوبر میں کرنٹ اکاوئنٹ خسارے میں 1.6ارب ڈالر اضافہ تشویشناک ہے ، شرح سود میں 150پوائنٹس کا اضافہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر کیا گیا ہے، اس فیصلے سے قرضوں اور مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔ تباہی سرکار آئی ایم ایف کا قرضہ حاصل کرنے کے لئے ملک و عوام پر بوجھ منتقل کر رہی ہے۔ ان کی منفی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت دن بدن تباہ ہو رہی ہے۔ سماجی را بطے کی ویب سائٹ ٹو ئٹر میں اپنے بیان میں میں شیری رحمان نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اکتوبر میں 1.6بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور یہ جی ڈی پی کا 4.7فیصد ہے جبکہ ہدف کی حد 2سے 3فیصد ہونی چاہیے۔ یہ واضح طور پر پی ٹی آئی حکومت کے تحت بڑھتی ہوئی درآمدات اور برآمدات میں عدم توازن کی وجہ سے ہے۔