• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی سکھ برادری کا کنگنا رناوت کو پاگل خانے بھجوانے کا مطالبہ

بھارت کی سکھ برادری نے بالی ووڈ متنازع اداکارہ کنگنا رناوت کو پاگل خانے بھجوانے کا مطالبہ کردیا۔

کنگنا رناوت ایک ایسی اداکارہ ہیں جو آئے دن اپنے متنازع بیان کی وجہ سے خبروں کی دُنیا میں سب سے آگے رہتی ہیں اور اسی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنتی ہیں۔

اب حال ہی میں کنگنا رناوت نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی تھی جوکہ سکھ برداری کے خلاف تھی، اداکارہ کے اس متنازع بیان کے بعد بھارت کی سکھ برادری نے اُن کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے اُنہیں پاگل خانے منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

بھارت کی سیاسی پارٹی شرومانی اکالی دل کے رہنما اور دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے صدر منجندر سنگھ سرسا نے کہا ہے کہ کنگنا رناوت کو پاگل اسپتال منتقل کردیا جائے یا پھر جیل میں بند کردیا جائے۔

منجندر سنگھ سرسا نے کہا کہ ’کنگنا رناوت نے اپنی حالیہ انسٹاگرام اسٹوری میں جان بوجھ کر کسانوں کے احتجاج کو خالصتانی تحریکوں کے طور پر اور مزید سکھ کمیونٹی کو خالصتانی دہشت گرد قرار دیا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’کنگنا نے سکھ برادری کے خلاف بھی انتہائی توہین آمیز اور توہین آمیز زبان استعمال کی ہے، اُن کی اس حرکت نے پوری دنیا میں آباد سکھ برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔‘

منجندر سنگھ سرسا نے کہا کہ ’سکھوں کے خلاف کنگنا کی ذاتی نفرت اُن کے کئی بیانات سے واضح ہوچکی ہے، اب جب زرعی  قوانین کو منسوخ کر دیا گیا ہے تو وہ سکھوں کو یہ کہہ کر اکسانے کے لیے 1984 کے حوالہ جات واپس لا رہی ہیں کہ وہ دہشت گرد ہیں اور سکھوں کو سابقہ وزیر اعظم اندرا گاندھی کی جوتی کے نیچے مچھروں کی طرح کچلا گیا تھا اور سکھ اسی سلوک کی مستحق ہے جو ان کے ساتھ کیا گیا تھا۔‘

سکھ برداری کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ ’کنگنا رناوت کی نفرت انگیزی کی بناء پر اُن سے پدماشری ایوارڈ واپس لیا جائے اور اُن کے خلاف کارروائی کی جائے۔‘

واضح رہے کہ کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا تھا کہ ’خالصتانی دہشت گرد آج حکومت کے بازو مروڑ رہے ہیں لیکن اُس ایک خاتون وزیراعظم کو نہ بھولیں جس نے انہیں جوتے تلے کچل دیا تھا، اُنہوں نے اس کمیونٹی کو کتنی ہی تکلیفیں پہنچائیں، اُنہوں نے اپنی جان کی قیمت پر انہیں مچھروں کی طرح کچل دیا لیکن قوم کو تقسیم نہیں ہونے دیا۔‘

تازہ ترین