سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون نے کہا ہے کہ ججز کو نہیں پتا تھا نواز شریف تقریر کریں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران احسن بھون نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں نواز شریف کی تقریر کے حوالے سے ججز کو آگاہ کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی تقریب سے تقریر کے حوالے سے ججز کو آگاہ کرنا ضروری نہیں تھا۔
سپریم کورٹ بار نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ اس لیے ججز کے علم میں بھی نہیں تھا کہ نواز شریف تقریر کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ججوں کو نہیں پتا تھا کہ کس کس نے خطاب کرنا ہے اور نہ ان کو بتانے کی ضرورت تھی۔
دوران گفتگو احسن بھون نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کی یاد میں کانفرنس کے ہر سیشن کا الگ موضوع تھا، افغان ایشو کے سیشن میں فواد چوہدری مہمان خصوصی تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نہیں آئے، ہم حکومت کے نکتہ نظر کا احترام کرتے ہیں، ہمارا بھی اپنا نکتہ نظر ہے۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللّٰہ بابر نے کہا کہ آج عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں نواز شریف کی تقریر میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ اس کے پیچھے کون ہے۔
عاصمہ جہانگیر کی بیٹی منیزے جہانگیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خطاب کے دوران کچھ تاریں کاٹ دی گئیں، تاریں کاٹنا چوہوں کا کام ہوتا ہے۔