• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روبینہ دلیک کو نفرت انگیز میلز موصول

بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح و اداکارہ روبینہ دلیک نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے بڑھتے وزن کی وجہ سے اُنہیں مسلسل نفرت انگیز میلز اور پیغامات موصول ہورہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر روبینہ دلیک نے اپنے ناقدین کے لیے ایک طویل نوٹ شیئر کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’میں دیکھ رہی ہوں کہ میرا بڑھتا وزن آپ کو پریشان کر رہا ہے، آپ مجھے مسلسل نفرت انگیز میلز اور پیغامات بھیج رہے ہیں۔‘

روبینہ دلیک نے کہا کہ ’آپ کو میری اہمیت نظر نہیں آتی اور آپ مجھے شوبز چھوڑنے کی دھمکی دے رہے ہیں کیونکہ میں اب موٹی ہوگئی ہوں، میں اچھے کپڑے نہیں پہنتی اور میں بڑے پروجیکٹس حاصل کرنے کے لیے زیادہ محنت نہیں کر رہی ہوں۔‘

بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ’ٹھیک ہے، میں واقعی مایوس ہوں کہ آپ کے لیے، میری جسمانی ظاہری شکل، میری قابلیت اور اپنے کام کے لیے میری وابستگی سے کہیں زیادہ اہم ہے لیکن میرے پاس آپ سب کے لیے ایک خوشخبری ہے۔‘

اُنہوں نے طنزیہ انداز میں خوشخبری سُناتے ہوئے کہا کہ ’یہ میری زندگی ہے اور اس کے مراحل ہیں اور تم بھی میری زندگی کا ایک مرحلہ ہو۔‘

روبینہ دلیک نے مزید کہا کہ ’میں اپنے مداحوں کی عزت کرتی ہوں تو خود کو میرا مداح نہ بولیں۔‘

خیال رہے کہ روبینہ دلیک بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ بھی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے 2006ء میں مِس شملا کا خطاب جیتا تھا اور اس کے 2 سال بعد 2008ء میں اُنہوں نے مِس شمالی ہندوستان کا خطاب بھی اپنے نام کیا تھا۔

تازہ ترین