• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح و اداکارہ روبینہ دلیک نے مداحوں کو اپنی تندرستی کا راز بتادیا۔

حال ہی میں عالمی وبا کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والی بھارتی اداکارہ روبینہ دلیک نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی نئی تصویریں شیئر کی ہیں۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویروں میں روبینہ دلیک پہلے سے کافی تندرست اور خوش نظر آرہی ہیں۔

روبینہ دلیک نے تصویریں شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’آج میں آپ کو اپنی تندرستی کا راز بتاؤں گی۔‘

بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ’گھر کا گھی، دودھ اور مکھن میری تازگی اور تندرستی کا راز ہے۔‘

روبینہ دلیک کی ان تصویروں کو اُن کے مداح اس قدر پسند کر رہے ہیں کہ چند ہی گھنٹوں میں اُن کی پوسٹ پر دو لاکھ 71 ہزار سے زائد لائکس آچکے ہیں جبکہ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ روبینہ دلیک کا تعلق مقبوضہ کشمیر سے ہے، اُن کے والدین اور بہن مقبوضہ کشمیر میں ہی مقیم ہیں جبکہ اداکارہ اکثر اپنے شوہر کے ہمراہ مقبوضہ کشمیر جاتی رہتی ہیں جہاں وہ قدرت کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔

یاد رہے کہ بگ باس 14 کے فائنل میں پانچ کنٹسٹنٹ پہنچے تھے جن میں روبینہ دلیک، راہول ویدیا، علی گونے، نیکی تمبولی اور راکھی ساونت شامل تھیں۔

آخر میں یہ مقابلہ روبینہ دلیک اور راہول ویدیا کے درمیان چلا اور پھر بالی ووڈ اداکار اور اس شو کے میزبان سلمان خان نے روبینہ دلیک کو زیادہ ووٹس ملنے کی بنا پر بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح قرار دیا۔

خیال رہے کہ روبینہ دلیک بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ بھی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے 2006ء میں مِس شملا کا خطاب جیتا تھا اور اس کے 2 سال بعد 2008ء میں اُنہوں نے مِس شمالی ہندوستان کا خطاب بھی اپنے نام کیا تھا۔

تازہ ترین