• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس، بلوچستان میں مشترکہ سرحدی مارکیٹوں، راولپنڈی رنگ روڈ، لئی ایکسپریس وے کی منظوری

اسلام آباد ( کامرس رپور ٹر ) سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے راولپنڈی رنگ روڈ ، راولپنڈی لئی ایکسپریس وے کے لیے اراضی کے حصول ، پاک ایران سرحد پر تین تجارتی مارکیٹوں سمیت 61ارب24کروڑر وپے مالیت کے 6ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ، رنگ روڈ کے 38.3کلومیٹر کیلئے 23ارب 60کروڑ منظور، لئی ایکسپریس وے ، فلڈ کینال کیلئے 750کنال اراضی لی جائیگی، سی ڈی ڈبلیو پی نے صنعت و تجارت سے متعلق تین منصوبوں کی منظوری دی ، گوادر بلوچستان میں گبڈ کے مقام پر جوائنٹ بارڈر مارکیٹ کے قیام کےلیے 22کروڑ65لاکھ روپے مالیت کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ بلوچستان کے ضلع کہیہ میں منڈ کے مقام پر جوائنٹ بارڈر مارکیٹ کے قیام کےلیے 18کروڑ39لاکھ روپے اور پنجگور میں گہدی کے مقام پر جوائنٹ بارڈر مارکیٹ کے قیام کےلیے18کروڑ45لاکھ روپے مالیت کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ ان منصوبوں کے قیام سے پاک ایران سرحد کے دونوں جانب 40ہزار مربع میل پر مارکیٹ قائم کی جائے گی۔ دونوں طرف سے دو ،دو ہزار مربع فٹ مارکیٹ ہوگی ، یہ مارکیٹیں پاک ایران حکومتوں کے مابین معاہدے کے تحت قائم کی جارہی ہیں ۔ سی ڈی ڈبلیو پی نے راولپنڈی رنگ روڈ کے 38.3کلومیٹر طویل بانٹھ سے ڈھلیاں تک تعمیر کےلیے 23ارب 60 کروڑ 62لاکھ روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی اور اس کو مزید توثیق کےلیے ایکنک میں بھیج دیا گیا ہے ، اس منصوبے کو راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارتی مکمل کرے گی ، رنگ روڈ کے پی سی ون کے 23ارب 60کروڑ62لاکھ روپے کی لاگت میں سے 15ارب 16کروڑ54لاکھ روپے وفاقی حکومت فراہم کرے گی جبکہ پنجاب حکومت 8ارب44کروڑر وپے حصہ ہوگا، اس منصوبے کے تحت 38.30کلومیٹر طویل رنگ روڈ چھ رویہ تعمیر کی جائے گی ، نیشنل ہائی وے ( این 5)پر بانٹھ کے مقام سے شروع ہو کر چک بیلی خان ، اڈیالہ روڈ ، چکری روڈ سے ہوتی ہوئی ٹھلیاں انٹرچینج کے مقام پر موٹروے ٹو میں شامل ہو جائے گی۔ اس منصوبے کے تحت 2پل، ایک فلائی اوور ، 32سب وے ،انٹلی جنٹ ٹرانسپورٹیشن سسٹم ، دونوں اطراف دیوار ،ٹول پلازےتعمیر ہونگے ، سی ڈی ڈبلیو پی نے راولپنڈی میں لئی ایکسپریس وےاور فلڈ کینال کی تعمیر کےلیے اراضی کے حصول کےلیے 24ارب96کروڑ روپے مالیت کے منصوبے کی منظوری دی گئی اور اس کو مزید توثیق کےلیے ایکنک کو بھیج دیا گیا۔ پی سی ون کے مطابق نالہ لئی ایکسپریس وے اور فلڈ کینال کی تعمیر کےلیے 750کنال اراضی حاصل کی جائے گی ، کٹاریاں پل سے ہائی کورٹ کے قریب دریائے سوہان تک نالہ لئی کی کل لمبائی 16.5کلومیٹرہے۔

تازہ ترین