• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صارفین کی جاسوسی پر ایپل کا اسرائیلی کمپنی پر مقدمہ


موبائل فون و کمپیوٹر بنانے والی معروف امریکی کمپنی ایپل نے اپنے صارفین کی جاسوسی پر اسرائیلی اسپائی ویئر بنانے والی کمپنی پر مقدمہ دائر کر دیا۔

ایپل کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ اسرائیلی فرم کو پیگاسس سرویلنس اسکینڈل کے معاملے میں جواب دینا ہو گا۔

ماہرین کے مطابق سلیکون ویلی جائنٹ کی جانب سے مقدمے نے این ایس او کے لیے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

کچھ ہفتے قبل امریکی حکام نے بھی این ایس او اور امریکی گروپس میں تعلقات محدود کر دیئے تھے۔

اسرائیلی کمپنی اس وقت عالمی تنقید کی زد میں آئی تھی جب یہ رپورٹس منظرِ عام پر آئی تھیں کہ این ایس او کی جانب سے دنیا بھر میں ہزاروں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں، صحافیوں، سیاست دانوں اور اہم شخصیات کو جاسوسی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایپل کمپنی کو یورپی ملک اٹلی کی جانب سے جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

گزشتہ روز اٹلی کی جانب سے یورپی یونین کے بزنس قوانین کی خلاف ورزی پر امریکی کمپنیوں ایمیزون اور ایپل پر 22 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

ایپل کمپنی کو 15 کروڑ 15 لاکھ ڈالرز سے زائد جبکہ ای کامرس کمپنی ایمیزون کو 7 کروڑ 73 لاکھ ڈالرز سے زیادہ کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔

تازہ ترین