کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان محمود اللہ ریاض نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔البتہ وہ وائٹ بال کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں میرا سفر شاندار رہا ہے۔ ہرارے میں چار ماہ قبل پچاسویں ٹیسٹ کے بعد انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش بورڈ کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ محمود اللہ کا کہنا کہ کافی عرصے سے میں اس فارمیٹ کا حصہ نہیں ہوں اس لئے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنی آخری ٹیسٹ اننگز میں150ناٹ آئوٹ رنز بنائے ،یہ ان کی پانچویں سنچری تھی۔ دائیں ہاتھ کے بیٹر نے33.49کی اوسط سے2914رنز بنائے۔ سوشل میڈیا پر محمود اللہ نے کہا کہ مجھے پہلے اور آخری ٹیسٹ میں مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ میں اپنے اہل خانہ، ساتھیوں، کوچز اور بورڈ کا شکر گذار ہوں۔