• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کی تصدیق کرنے والی فرم کو دھمکی


لندن (نمائندہ جنگ) ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کی تصدیق کرنے والی فرم کو دھمکی ، گیریٹ ڈسکوری کا کہنا ہے کہ ہمارے عملے کو ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کا مختلف نتیجہ حاصل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کا فرانزک تجزیہ کرنے والی امریکی فرم گیریٹ ڈسکوری کا کہنا ہے کہ صحافی احمد نورانی کی جانب سے چلائی جانے والی فیکٹ فوکس ویب سائٹ کے لیے پاکستان کے سابق چیف جسٹس کی آڈیو ٹیپ کی تصدیق کے لیے اس کے عملے کو دھمکی آمیز کال موصول ہوئی ہے۔

 گیریٹ ڈسکوری نے کہا کہ اس کے عملے کو ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو کا مختلف نتیجہ حاصل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ فرانزک لیبارٹری نے ٹویٹر کے ذریعے کہا کہ آج ہمیں ایک کال موصول ہوئی جس میں کہا گیا تھا کہ ہماری جان کو خطرہ ہے اور اسی شخص نے کہا کہ وہ فیکٹ فوکس کے لیے ایک فائل کی توثیق کرنے والے ہمارے کام کے لیے ہمارے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کرنے جا رہا ہے۔

 ہماری ٹیم کو مختلف نتیجہ حاصل کرنے کی دھمکی دینا غیر اخلاقی ہے۔ فرم نے یہ نہیں بتایا کہ فون کرنے والا کون تھا اور کس ملک سے تھا لیکن کہا کہ اس کے عملے کی جان کو خطرہ ہے۔

 دھمکیوں کے بارے میں ٹویٹ کرنے والا اکاؤنٹ غیر تصدیق شدہ ہے لیکن یہ فرانزک فرم کے کام کو طویل عرصے سے پوسٹ کر رہا ہے اور اسی اکاؤنٹ کا ذکر فرم کی ویب سائٹ پر آفیشل اکاؤنٹ کے طور پر کیا گیا ہے۔ 

گیریٹ ڈسکوری کے ترجمان نے کہا کہ اس سے قبل فیکٹ فوکس ویب سائٹ نے اس کلپ کی فرانزک جانچ کے لیے اسے مامور کیا تھا اور پیشہ وارانہ فرانزک ٹیسٹ کی ضروریات پوری ہونے کے بعد سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا۔ 

ترجمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فیکٹ فوکس کیلئے کام کیا؛ تمام پیشہ ور فرمز کا یہ معمول ہے کہ وہ کسی بھی دستاویز کو پبلک ڈومین میں جاری نہ کریں جب تک کہ کلائنٹ کی اجازت نہ ہو (اس معاملے میں فیکٹ فوکس کی)۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ فیکٹ فوکس یا رپورٹر احمد نورانی کو فرانزک لیبارٹری کو تفویض کیا گیا کام اور اس کا دائرہ کار کیا ہے؟ تو ترجمان کا کہنا تھا کہ گیریٹ ڈسکوری قانونی شرائط کے تحت پابند ہے کہ وہ فرانزک رپورٹ کے کچھ حصے کسی کو بھی جاری نہ کرے جب تک کہ اس کے مؤکل’ فیکٹ فوکس‘ کی طرف سے اس کی اجازت نہ ہو۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معیاری معاہدے کے حصے کے طور پر ہمارے پاس رازداری کی ایک شق ہے جو ہمیں کام یا کام کے دائرہ کار کے بارے میں بولنے سے منع کرتی ہے جو ہم نے انجام دیا ہے۔ ہمیں تفصیلات جاری کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے جب تک کہ ہمارا کلائنٹ ہمیں ایسا کرنے کی اجازت دینے والے معاہدے پر دستخط کرتا ہو۔ 

انہوں نے درخواست کی کہ ہم نے جو کام کیا ہے اس کے بارے میں کسی بھی استفسار کے لیے فیکٹ فوکس سے رابطہ کریں اور ان کے ساتھ معلومات کے اجراء پر بات کریں۔

تازہ ترین