لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مسلمان ممالک کی حکومتوں کو افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کرنا چاہئے۔ افغانستان میں دو کروڑ افراد بھوک اور غربت کا شکار ہیں۔ مسلمان تنظیمیں امدادی کام کےلئے آگے بڑھیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں الاتحاد العالمی لعلماء المسلمین کے مرکزی دفتر کے دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر اتحاد العالمی کی مرکزی قیادت اتحاد کے صدر شیخ احمد الریسونی، جنرل سیکرٹری شیخ علی محی الدین قرہ داغی، مصر کے ممتاز سکالر ڈاکٹر محمد صغیر، یمن کے ممتاز عالم دین شیخ فضل مراد اور تیونس کے سکالر ڈاکٹرنور الدین الخادمی سے ملاقات ہوئی۔ جماعت اسلامی کے شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اتحاد العالمی لعلماءالمسلمین عالم اسلام کے 44ممالک کے سرکردہ علما کی نمائندہ تنظیم ہے، جس کے بانی شیخ یوسف القرضاوی ہیں۔