• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی رسہ کشی، سویڈن کی پہلی خاتون وزیر اعظم 7 گھنٹوں میں مستعفی

اسٹاک ہوم (نمائندہ جنگ)24نومبر کو سویڈن کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو وزیرِاعظم کے طور پرمنتخب کیا گیا، ماگدالیناآندرسن نے ابھی وزارتِ عظمیٰ کامنصب سنبھالا بھی نہیں تھا کہ ان کو مسائل نے آن گھیرا۔وزیرِاعظم منتخب ہونے کے بعدانہوں نے جو بجٹ پیش کیا وہ پارلیمنٹ میں منظور نہیں ہوسکا، جس پر ان کی ایک اتحادی سیاسی جماعت ملیو پارٹی (ماحول دوست سیاسی جماعت)نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا، جس کی وجہ سے ماگدالینا کو اپنے منصب سے مستعفی ہونا پڑا، واضح رہے کہ سویڈن میں خواتین کو حق رائے دہی سن 1921میں دیا گیا تھا ، ٹھیک سوسال بعد 2021 میں پہلی بار کوئی خاتون وزیرِاعظم بنیں اور اسی روز خاتون وزیرِاعظم نے استعفیٰ بھی دیا ، یہ سویڈن کی تاریخ میں منفرد واقعہ کے طور پر جانا جائے گا، مبصرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سویڈن میں سیاسی بے یقنی کا عالم ہے مگر ماگدالینا کو دوبارہ وزیرِاعظم کے طور پر منتخب کرلیا جائے گا جبکہ مختلف حلقو ں کے مطابق سیاسی رسہ کشی نے سویڈن کی سیاست کو ایک مشکل دورمیں لا کھڑا کیا ہے۔سویڈن میں عام انتخابات اگلے سال ستمبر 2022 میں ہونے ہیں، سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ سوشل ڈیموکریٹس اگلی بار شایدحکمرانی حاصل نا کرسکیں، کیونکہ سوشل ڈیموکریٹس نے اپنے گزشہ دونوں ادوار میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی اور موجودہ سیاسی صورتحال بھی کسی طرح سے سوشل ڈیموکریٹس کے حق میں نہیں۔
تازہ ترین