• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوور سیز کو ووٹ کا حق دینے سے ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، آصف نسیم راٹھور

بریڈفورڈ(پ ر )پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے رہنما چیف آرگنائزر بھٹو شہید کمیٹی برطانیہ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی بریڈفورڈ آصف نسیم راٹھور نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کی حقیقت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا مجوزہ منظور شدہ قانون اور پہلے سے طے شدہ اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کو حکومت پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پورا کر دیا ہے ؟ پاکستان میں اوورسیز کی طرف سے خریدی گئی مختلف قسم کی جائیدادوں پر ناجائز اور زبردستی قبضے اور پھر اپنی قیمتی جائیدادوں کو چھڑانے کیلئے دفتروں کچہریوں عدالتوں کے چکر، بخششوں سمیت وکیلوں کی فیسوں اور دلالوں کے ذریعے بے تحاشا روپیہ پیسہ بطور رشوت نذرانے پیش کرنے کے باوجود کوئی مقصد حاصل نہ ہوسکا، ان کی جائیدادوں پر قبضہ ختم کروایا جائے۔اوورسیز پاکستانی اپنے وطن عزیز میں ہر سال اربوں روپیہ بھیج کر اس ملک کی گرتی ہوئی معیشت کو سہارا دیتے ہیں ،اس اوورسیز ووٹ کے بل کی منظوری سے دیار غیر میں مقیم باشندوں کو کیا فائدہ ہو گا ؟ ہاں ایک فائدہ ضرور ہوگا وہ یہ ہے کہ دیار غیر میں ملک سے دوری کی بنا پر جو آپس میں یہاں تھوڑی محبت و انس ہے اب وہ نفرتوں کدورتوں اور دشمنیوں میں تبدل ہو جائے گا، اس کے علاوہ اور کچھ فائدہ نہیں ۔ حکومت پاکستان نے پارلیمنٹ میں یکطرفہ بعض اپوزیشن کی نماز کیلئے جانے کیوجہ سے غیر موجودگی اور مشورے کے بغیر جلد بازی میں تقریباً تیس بل پاس کیے، ان میں ایک بل اوورسیز کے ووٹوں کا بھی ہے جس کے تحت دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کی ہمدرد و خیر خواہ پی ٹی آئی کی حکومت ہے جو پاکستان کے الیکشن میں ووٹ کا سٹ کرنے کا بل منظور کر کے اپنی دیرینہ خواہش کی تکمیل پر شادمانی کے باجے بجا رہی ہے اور خوشی کے ترانے گا رہی ہے۔آصف نسیم راٹھور نے مزید کہا ہے کہ جہاں تک برطانیہ میں رہنے والے برٹش پاکستانیوں کا تعلق ہے وہ بھی اس سلسلہ میں ذہنی تذبذب کا شکار ہیں، یاد رکھیں یہ عمران خان کی کٹھ پتلی حکومت کی بدترین چال ہے، جعل سازی ، دھوکا دہی اور فراڈ کا خوشنما لبادہ پہنا کر ماڈرن طریقہ سے بے وقوف بنایا گیا ہے،اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے سے کیا تبدیلی آئے گی۔ یہ صرف بے ایمانی بد دیانتی اور چوری کا ایک نیا طریقہ واردات ہے ،کرپٹ سیاست دانوں کا بدترین ٹولہ رات دن دونوں ہاتھوں سے ملکی خزانے کو لوٹ رہا ہے، ملک کو کنگال سے کنگال اور پاکستان کی آنے والی دس پشتوں کو بھی مقروض کر دیا ہے، مہنگائی اتنی ہو گئی ہے کہ عام غریب آدمی بچوں سمیت فاقوں اور گھریلو اخرجات کیوجہ سے خود کشیاں کر رہے ہیں لیکن کرپٹ مافیا جس میں حکومتی وزرا و مشیر بھی شامل ہیں عیاشیاں کر رہے ہیں اور نالائق وزیر اعظم عمران خان عوام کو بھاشن اور لیکچر دے ر ہا ہے ۔
تازہ ترین