• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور روس آج اقتصادی تعاون کے نئے دور میں داخل ہونگے

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ایک بڑی پیش رفت کے تحت پاکستان اور روس اہم شعبوں میں اقتصادی تعاون کے نئے دور میں داخل ہورہے ہیں ان شعبوںمیں آئی ٹی، زراعت، توانائی، پٹرولیم، ریلوے، آبی وسائل اور تجارت وغیرہ شامل ہیں۔

باخبر سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں آج جمعہ کو روس میں اہم معاہدے ہونے جارہے ہیں۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان نئی علاقائی اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت ہورہا ہے۔

توقع ہے کہ پاکستان اور روس دونوں ممالک کے درمیان براستہ دبئی براہ راست پروازوں کی اجازت دے دیں گے۔ اس سلسلے میں روسی وفاقی ایئر ٹرانسپورٹ ایجنسی اور پاکستان شہری ہوا بازی اتھارٹی کے حکام میں گفت و شنید کا آغاز ہوچکا ہے۔

ریلوے انجن تیار کرنے کے شعبے میں بھی روس نے پاکستان سے تعاون میں دلچسپی کااظہار کیا ہے۔

تین روزہ مذاکرات میں باہمی تجارت بڑھانے کی راہیں بھی تلاش کی گئیں۔ دو طرفہ تجارتی حجم میں 45.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب اس وقت بات چیت کے لئے روس میں موجود ہیں۔

روسی میڈیا بھی انٹر گورنمنٹ کمیشن کے تحت جاری مذاکرات کو بڑی اہمیت دے رہا ہے۔

تین ارب ڈالرز کی گیس پائپ لائن بچھانے کے لئے بھی اسلام آباد اور ماسکو میں بات چیت کا عمل جاری ہے۔ روسی ساختہ گاڑیوں کی پاکستان میں درآمد پر دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔

تازہ ترین