• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافی بازیابی کیس، وزیراعظم متاثرہ فیملی کو مطمئن کریں، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ صحافی و بلاگر مدثر نارو بازیابی کیس میں وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کو متاثرہ فیملی کا موقف سن کر اس بات پر مطمئن کرنے کی ہدایت کی ہے کہ گمشدگی میں ریاست شامل نہیں ،جبکہ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے ہیں کہ کمیشن رپورٹ کے مطابق متاثرہ فیملی کا خیال ہے کہ ریاست اور اس کے ادارے اس میں ملوث ہیں،چیف جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بنچ نے جمعرات کے روز کیس کی سماعت کی تو لاپتہ مدثر نارو کی فیملی کی جانب سے وکیل ایمان مزاری اور عثمان وڑائچ ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا20اگست 2018کا واقعہ ہے، وزیراعظم عمران خان نے اسی روز چارج لیا تھا ، یہ دریائے کنہار کے کنارے واک کر رہے تھے جس کے بعد سے ان کا نہیں پتہ ،چیف جسٹس نے کہا کمیشن رپورٹ کے مطابق گمشدہ فیملی کا خیال ہے کہ ریاست اور اس کی ایجنسیز اس میں ملوث ہیں، وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کی ذمہ داری ہے کہ انہیں مطمئن کریں، اگر تو جبری گمشدگیاں نہ ہو رہی ہوں تو پھر ہم اس طرف نہ جائیں لیکن ایسا نہیں ،اگر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے وزیراعظم کی متاثرہ فیملی سے ملاقات کی پیر تک تاریخ نہ بتائی تو آئندہ سماعت پر سیکرٹری داخلہ خود پیش ہوں کیس کی مزید سماعت پیر کو ہو گی۔

تازہ ترین