• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کے قتل کیخلاف ہڑتال کا دوسرا روز


مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے قتل کیخلاف ہڑتال دوسرے روز بھی جار ی ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سے حیدر پورہ اور رام باغ سانحات کی عالمی عدالت انصاف سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کےمطابق مقبوضہ وادی میں دکانیں اور تجارتی مراکز بندہیں ، سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت انتہائی کم ہے، مقبوضہ وادی میں آج پرامن مظاہرے ہوں گے۔

بھارتی قابض انتظامیہ نے پرامن مظاہرے روکنے کیلئے سرینگر اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں سخت پابندیاں عائد کردی ہیں، سرینگر اور پلوامہ میں انٹر نیٹ سروس 24 نومبر سے معطل ہے۔

چیئرمین حریت کانفرنس مسرت عالم بٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج جعلی مقابلوں میں بڑے پیمانے پر نہتے کشمیریوں کو شہید کررہی ہے، کشمیری عوام کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، بھارت وحشیانہ ہتھکنڈوں سے آزادی کی تحریکوں کو نہیں دبا سکتا۔

حریت کانفرنس کا کہناہے اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کی نسل کشی کے بھارت کے مذموم عزائم کا نوٹس لیں اور نہتے کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کریں۔

واضح رہے کہ سرینگر کے علاقے رام باغ میں بھارتی فوج نے 24نومبر کو 3 کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلےمیں شہید کر دیا تھا۔

تازہ ترین