سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ چائلڈ پورنوگرافی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانے والے ملزم ضمانت کے مستحق نہیں، چائلڈ پورنوگرافی بچوں کیساتھ جنسی زیادتی کے واقعات کی بڑی وجہ ہے، معاشرے کا بڑا ناسور اور تباہی کا باعث ہے۔
دوران سماعت سپریم کورٹ نے عمر خان نامی ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو ملزم کےخلاف کیس کا جلد فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کے بچوں کے مستقبل اور اخلاقیات کیلئے چائلڈ پورنوگرافی سنگین خطرہ ہے، ملزم کے وکیل کی یہ دلیل قابل قبول نہیں کہ کوئی متاثرہ فریق سامنے نہیں آیا۔
خیال رہے کہ ملزم عمر خان کی شکایت فیس بک انتظامیہ کی جانب سے کی گئی تھی، ملزم عمر خان کیخلاف ایف آئی اے ایبٹ آباد نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔