• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی شہری نے بیوی کی محبت میں نیا تاج محل تعمیر کروادیا

بھارت کے شہر برہان پور سے تعلق رکھنے والے بھارتی شہری نے اپنی بیوی کی محبت میں نیا تاج محل تعمیر کروادیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آنند پرکاش چوکسی نامی ایک بھارتی شہری نے مغل بادشاہ شاہ جہاں کے اپنی بیوی ممتاز کی محبت میں تعمیر کروائے گئے تاج محل کے ہوبہو ایک نیا تاج محل بنوا دیا ہے۔

آنند پرکاش چوکسی نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ’ ان کی بیوی کا واحد مطالبہ تھا کہ انہیں مراقبہ کرنے کے لیے ایک کمرہ چاہیے کیونکہ وہ روحانی خیالات رکھنے والی خاتون ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’ ان کی بیوی کا کہنا ہے کہ گنبد ایک مختلف قسم کا ماحول بناتا ہے جس میں بہت مثبت اثرات ہوتے ہیں‘۔

انہوں نے نئے تاج محل کی تعمیر کے بارے میں بتایا کہ ’ انہوں نے تعمیر کے لیے مکرانہ سے بالکل ویسا ہی ماربل منگوایا، جو تاج محل کی تعمیر میں استعمال کیا گیا تھا‘۔

آنند پرکاش نے مزید بتایا کہ ’انہوں نے ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے اس نئے تاج محل کی تعمیر پر خرچ کیے ہیں‘۔

خیال رہے کہ اصل تاج محل جوکہ مغل بادشاہ شاہ جہاں نے تعمیر کروایا تھا، دہلی کے جنوب میں آگرہ میں ہے۔ 

تاہم یہ نیا تاج محل بھارتی ریاست مادھیا پردیش کے شہر برہان پورمیں تعمیر کیا گیا ہے، جو کہ آگرہ سے 800 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

تازہ ترین