جونیئر ہاکی ورلڈکپ کے گروپ کے آخری میچ میں پاکستان کو ارجنٹائن کے خلاف 3-4 سے شکست ہوگئی، جس کے ساتھ ہی قومی ٹیم کوارٹر فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
بھوبنیشور میں جاری مینز ہاکی جونیئر ورلڈکپ کے گروپ ڈی میں پاکستانی ٹیم اپنے آخری پول میچ میں ارجنٹائن کے مدمقابل آئی۔
پہلے کوارٹر میں ارجنٹینا کو 0-1 کی برتری حاصل تھی، جبکہ دوسرے کوارٹر میں پاکستان کے عبدالرانا نے گول کر کے مقابلہ ایک ایک سے برابر کیا۔
20 ویں منٹ میں ارجنٹائن نے گول کر کے 2-1 کی برتری حاصل کرلی، پاکستان کے رضوان علی نے 28ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ پھر برابر کردیا۔
دو منٹ بعد ارجنٹینا نے ایک اور گول کر کے سبقت حاصل کرلی، 47 ویں منٹ میں ارجنٹائن نے گول کر کے برتری 2-4 کرلی۔
پاکستان نے 53 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کر کے خسارہ تو کم کیا لیکن 3-4 سے مقابلہ ارجنٹائن کے نام رہا اور پاکستان کوارٹر فائنل کی دور سے باہر ہوگیا۔
واضح رہے کہ اب پاکستان ٹیم ایونٹ میں کلاسیفیکشن میچز کھیلے گی۔