• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب نے مزید 7 ممالک کی پروازیں معطل کر دیں

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے مزید 7 ممالک سے پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی حکام کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کئی ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کی تازہ ترین وباء کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

سعودی حکومت نے جن ممالک سے پروازیں معطل کی ہیں ان میں جمہوریہ ملاوی، جمہوریہ زیمبیا، جمہوریہ مڈغاسکر، جمہوریہ انگولا، جمہوریہ سیشلز، جمہوریہ ماریشس اور جمہوریہ کوموروس شامل ہے۔

عرب میڈیا نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مذکورہ ممالک سے ڈائریکٹ یا انڈائریکٹ آنے والے غیر ملکی مسافروں کو سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں ہے، تاہم وہ سعودی حکام کی طرف سے اجازت یافتہ دیگر ممالک میں 14 دن قرنطینہ کرکے سعودی عرب آ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس ماہ کہ آغاز میں سعودی عرب نے کووڈ 19 کی نئی قسم سے متعلق خدشات کے سبب 7 افریقی ممالک سے سفر معطل کر دیا تھا۔

تازہ ترین