• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس کی قلت پر اوگرا اور حکومت سمیت ذمہ داران کیخلاف کارروائی کا حکم دینے کی درخواست خارج

لاہور(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے گیس کی قلت پر حکومت اور اوگرا سمیت ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دینے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئےخارج کردی، عدالت نے ریمارکس دیئےکہ ناقابل عمل درآمد حکم جاری نہیں کیا جاسکتا ہے ،گیس کی قلت ضرور ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ حکومتی مشینری کام نہیں کررہی ہے، عدالت نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بتائیں کہ آپ نے آئین کے آرٹیکل199کے تحت کس طرح یہ درخواست دائر کی؟گیس قلت کا کون ذمہ دار ہے؟ پہلے ٹھوس انفارمیشن اکھٹی کریں۔ وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ گیس کی قلت پیدا ہو چکی ہے ۔بنیادی سہولیات فراہم نہ کرنا آئین کی آرٹیکل نو کی خلاف ورزی ہے،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گیس کچھ حد تک تو آرہی ہے۔درخواست گزار فرحت منظور چانڈیو ایڈووکیٹ نے کہا کہ 22کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، انڈسٹری اور چولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں، محمد شبیر ایڈووکیٹ نے کہ اس معاملے پرسابق چیف جسٹس کے حکم پر کمیشن بھی بنا تھا،عدالت نے کہا کہ اگر کوئی ایسا حکم جاری ہوا ہے تو اس پر عملدرآمد کے لئے درخواست دیں، گیس قلت کے متعلق جو کچھ آپ کہہ رہے ہیں وہ درست ہے لیکن محض خبروں کی بنیاد پر نوٹس جاری نہیں کرسکتا،اس بارے ٹھوس شواہد اکھٹے کریں،آئین کے آرٹیکل 199میں یہ کہہ دیناکہ گیس قلت پوری کرنے اوربحران کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دینے کی استدعا پر کیسے حکم جاری کرسکتے ہیں؟آپ ایم،ڈی یا وزیر کو درخواست دیں،محمد شبیر ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ اگر عدالت نوٹس لےتو تمام حقائق سامنے آسکتے ہیں،عدالت نے کہا سوری میں ایسا کوئی حکم جاری نہیں کرسکتا۔

تازہ ترین