راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) مسلم لیگ (ن) کے ملک منیر احمد راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے دوسری بار بلامقابلہ وائس پریذیڈنٹ منتخب ہو گئے ۔ سپیشل بورڈ میٹنگ پیر کو راولپنڈی کینٹ دفتر کے کمیٹی روم میں ہوئی ، سب سے پہلے سٹیشن کمانڈر بریگیڈئر سلمان نذر نے صدر کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے اوتھ پر دستخط کئے ، اسکے بعد انہوں نے مخصوص نشستوں پر منتخب اور نامزد ممبران سےحلف لیا، اجلاس کے دوران واٹر سپلائی کے کاموں کی بھی منظوری دی گئی ، ترقیاتی کاموں کیلئے دس دن بعد بورڈ میٹنگ ہو گی جس میں بیس کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری دی جائیگی، اس حوالے سے ممبران سےکہا گیا کہ وہ اپنی اپنی وارڈ کیلئے دو ، دو کروڑ روپے کی ترقیاتی سکیمیں دیں تاکہ ان کے وارڈز میں ترقیاتی کام ہو سکیں ، ٹیکسوں میں کئے جانے والے اضافے میں شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں جو بورڈ کی تیسری میٹنگ میں اپنی سفارشات پیش کرینگی۔ اجلاس میں ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہ 20ہزار مقرر کرنے ، رہائشی اورکمرشل نقشوں ،تعمیر ومرمت کے منصوبوں پر متعلقہ ممبران پر مشتمل کمیٹی کےقیام،مبران کی عدم موجودگی میں کئے گئے اقدامات کی تو ثیق کی منظوری دی گئی، اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کینٹ جنرل ہسپتال کی تقرری اورملازمت کی شرائط،شادی ہالوں سے کنزرونسی چارجز کی کمی، جرمانے والے نقشہ جات پر دوبارہ غورکی منظوری بھی دی گئی ۔