کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سابق صدر شاہد پرویز بھنڈرا کو پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر(ر) خالد کھوکھر کا مشیر مقرر کردیا ہے۔ دلچسپ بات ہے کہ چند روز قبل کی پی ایچ ایف کی میڈیا ریلیز کے مطابق وہ ذاتی وجوہات کی بناء پر پنجاب ہاکی سے مستعفی ہوگئے تھے۔اس سے قبل دس مئی کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جاری کردہ میڈیا ریلیز میںکہا گیا تھا کہ طویل عرصے سے جاری تنازعات اور اختلافات کی وجہ سے پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن میں عہدے داروں نے ایک تہائی اکثر یت سے اپنے صدر، سکریٹری اور خزانچی پر عدم اعتماد کرتے ہوئے خواجہ ضرار کلیم کو صدر، پی ایچ ایف کے سربراہ خالد کھوکھر کے عزیز کرنل (ر) آصف کھوکھر کو سکریٹری اور اللہ داد کو نیا خزانچی منتخب کرلیا گیا ہے جبکہ منگل کو پی ایچ ایف نے اپنے دس مئی کے جاری کردہ پریس ریلیز کی نفی کردی۔ اس کا یوٹرن جگ ہنسائی کا سبب بن گیا۔