• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قانون دان کونسلر جاوید اخوندزادہ انتقال کرگئے

لندن(نمائندہ جنگ) معروف قانون دان اے این پی برطانیہ کے جنرل سیکرٹری کونسلر جاوید اخوندزادہ حرکتِ قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئے۔ مرحوم کی طبیعت دو روز سے خراب تھی اور ڈاکٹرز نے اسے معمولی قرار دے کر ہسپتال سے فارغ کردیا تھا۔ گزشتہ روز مرحوم گھر میں طبیعت زیادہ بگڑ جانے کے باعث وفات پاگئے۔ مرحوم کی میت کو پوسٹ مارٹم کےلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ جاوید اخونزادہ کی نمازِ جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ مرحوم کے لواحقین کے مطابق ان کی میت کو پشاور لے جایا جائے گا اور آبائی گائوں میں تدفین ہوگی۔ جاوید اخوندزادہ کی وفات پر تعزیتی پیغام میں سربراہ اے این پی اسفندیار ولی خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ایک بہترین ساتھی، ماہرقانون اور متحرک سیاسی کارکن سے محروم ہوگئی ،جاویداخونزادہ کی وفات کا سن کر انتہائی دکھ ہوا، ان کی موت کی خبر ناقابل یقین ہے، جاوید اخوندزادہ کی برطانیہ میں پارٹی کی فعالیت کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین اور عوامی نیشنل پارٹی برطانیہ کے کارکنان کے ساتھ کھڑے ہیں، اللہ تعالیٰ جاویداخونزادہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے ۔ مرکزی ترجمان اے این پی زاہد خان نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ جاوید اخوندزادہ پارٹی کا اثاثہ تھے دکھ کی گھڑی میں پارٹی لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔
تازہ ترین