• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کو امریکی ہتھیار خریدنے کی پیشکش کی: امریکی سفیر کا دعویٰ

امریکی سفیر برائے چین ڈیوڈ پرڈیو---فائل فوٹو
امریکی سفیر برائے چین ڈیوڈ پرڈیو---فائل فوٹو 

امریکی سفیر برائے چین ڈیوڈ پرڈیو نے انکشاف کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ ملاقات میں چینی صدر شی جن پنگ سے پوچھا کہ کیا چین امریکا سے ہتھیار خریدنا چاہتا ہے؟

دی نیوز انٹرنیشنل کے مطابق ڈیوڈ پرڈیو نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا دنیا بھر میں دیگر ممالک کو ہتھیار فروخت کرتا ہے، اسی لیے صدر ٹرمپ نے ایک موقع پر شی جن پنگ سے بھی پوچھا کہ کیا چین امریکا سے ہتھیار خریدنا چاہے گا؟

یہ انکشاف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا کی جانب سے تائیوان کے لیے تقریباً 14 ارب ڈالرز کے نئے اسلحہ پیکیج کی منظوری کئی ماہ سے زیرِ التواء ہے۔ 

صدر ٹرمپ نے مئی میں شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران اس پیکیج کو چین کے ساتھ مذاکرات میں ایک اہم سودے بازی کا ذریعہ قرار دیا تھا۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے صدر ٹرمپ کے اس سوال پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی قانون چین کو ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی عائد کرتا ہے، اس لیے بیجنگ کو فوجی ساز و سامان فروخت کرنے کی نہ کوئی پیشکش ہے اور نہ کوئی منصوبہ۔

وائٹ ہاؤس نے بھی واضح کیا ہے کہ امریکا کا چین کو ہتھیار فروخت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید