ملتان(سٹاف رپورٹر)بہاولپور ریلوے سٹیشن کی نئی عمارت کی تعمیرکا آغاز 20مئی سے ہوگا۔برٹش دورکے تعمیر شدہ پرانے ریلوے سٹیشن کی عمارت کو مسمار کردیا گیاہے۔پاکستان ریلوے نے بہاولپور سٹیشن کی عمارت کی ازسرنو تعمیر کی ذمہ داری این ایل سی کو سونپی ہے۔منصوبہ پر 27کروڑ 84لاکھ روپے لاگت آئے گی ۔ذرائع کے مطابق تین منزلہ ریلوے سٹیشن کی تعمیر کا منصوبہ 18ماہ میں مکمل ہوگا۔ریلوے حکام کے مطابق سٹیشن کا کل تعمیر شدہ رقبہ 40494مربع فٹ ہوگا۔گراونڈ فلور کے انتظار گاہ میں 95مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔پہلی منزل پر ایک کیفے ٹیریا بھی تعمیر کیا جائے گا۔نئے سٹیشن پر تعمیر شدہ رقبہ میں سے 10039مربع فٹ جگہ کمرشل بنیاد پر مختص کی جائے گی۔گراونڈ فلور پر سٹیشن ماسٹرآفس،اسسٹنٹ سٹیشن ماسٹرزآفس،پارسل گودام،ٹکٹ گھر،آرام گاہ،جائے نماز اور طہارت خانہ تعمیرکیا جائے گا۔گراؤنڈ فلور پر پارکنگ ایریابنایا جائے گا جہاں 86گاڑیاں اور 300موٹرسائیکل کھڑے کرنے کی گنجائش ہوگی۔