• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واٹر فرنٹ پروجیکٹ منفرد طرزِ تعمیر کا اعلیٰ نمونہ، چینی قونصل جنرل

کراچی(جنگ نیوز)عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل لِی بِی جیان نے ممتاز کاروباری شخصیت ، ایچ ایم آر گروپ کے چیئرمین حاجی محمد رفیق پردیسی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی ۔ قونصل جنرل لی بیجیان نے ایچ ایم آر واٹر فرنٹ پروجیکٹ کا دورہ بھی کیا جو بلند و بالا 19 ٹاورپر مشتمل ہوگا ۔منصوبے کی خوبصورتی اور پائیداری کی تعریف کرتے ہوئے قونصل جنرل لِی بِی جیان نے کہا کہ واٹر فرنٹ پروجیکٹ منفرد طرزِ تعمیر کا ایک اعلیٰ نمونہ ہے اور یہ پروجیکٹ پاکستان کی تعمیراتی صنعت میں ایک تاریخ رقم کرنے جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ مستقبل میں لوگوں کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا اور مقامی لوگوں کوروزگار کے وسیع مواقع حاصل ہوں گے ۔پاک چین دو طرفہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے چین کے قونصل جنرل لِی بِی جیان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات آزمائش کی ہر کسوٹی پر پورا اترنے کی ایک طویل تاریخ رکھتے ہیں ۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بھی خوشگوار دوستانہ مراسم قائم ہیں ۔ دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں تبادلہ اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے اور نئے دور میں پاکستان اور چین کے لیے ایک مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی تعمیر کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔ اس موقع پر اظہارِ خیا ل کرتے ہوئے ایچ ایم آر گروپ کے چیئرمین حاجی رفیق پردیسی نے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں ممالک کے لیے ضروری ہے کہ وہ تجارتی، اقتصادی، ثقافتی تعلقات کے علاوہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھائیں اور ایسے تعلقات کو فروغ دیں جس کے امید افزا نتائج برآمد ہوں ۔میگا پروجیکٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے حاجی رفیق پردیسی نے کہا کہ واٹر فرنٹ پروجیکٹ شعبہ تعمیرات میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا ۔ یہ ایک تاریخ ساز منصوبہ ہے جو کراچی کی اسکائی لائن بدل دے گا ۔ یہ پروجیکٹ دیفنس فیز 8 میں سمندر کنارے 33.12 ایکڑذمین پر تعمیر کیا جارہا ہے ۔

تازہ ترین