اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری کو معلومات کی فراہمی سے متعلق انفارمیشن کمیشن کے فیصلہ کیخلاف رجسٹرار سپریم کورٹ کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اٹارنی جنرل سے معاونت طلب کر لی ہے۔ چیفجسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ رجسٹرار کیخلاف رٹ جاری نہیں ہو سکتی ، وہ متاثرہ فریق کیسے ہو سکتا ہے؟ کیا سپریم کورٹ کا رجسٹرار ہائیکورٹ میں رٹ دائر کر سکتا ہے؟، پاکستان انفارمیشن کمیشن نے 12 جولائی کو سپریم کورٹ کے ملازمین سے متعلق معلومات شہری کو فراہم کرنے کا آرڈر جاری کیا تھا جس پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ جمعرات کو عدالت عالیہ اسلام آباد کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ پاکستان انفارمیشن کمیشن نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو معلومات شہری کو فراہم کرنے کا حکم دیا ، پاکستان انفارمیشن کمیشن نے معلومات تک رسائی کے ایکٹ کے تحت یہ فیصلہ دیا۔