کراچی (نیوز ڈیسک) ایران نے ہفتے کے روز نطینز کے علاقے میں غیر اعلانیہ فوجی مشقیں کی ہیں، نطینز میں ایران کی جوہری تنصیبات واقع ہیں، ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق مشقوں کے دوران ایرانی فضائی دفاعی افواج نے میزائلز بھی داغے۔ اس سے قبل علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک بڑے دھماکے کی آواز سنی ہے۔ ایرانی ٹی وی کے مطابق فضائی یونٹس نے نطینز میں اپنی ریپڈ ریکشن فورس کی صلاحیت جانچنے کیلئے میزائل داغے تھے۔ ایرانی فوج کے ترمان شاہین تقی خانی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ اس طرح کی مشقیں ایک مکمل محفوظ ماحول میں کی جاتی ہیں۔ اس سے قبل ایرانی نیوز ایجنسیوں نے بھی رپورٹ دی تھی کہ نطینز میں ایک بڑا دھماکا ہوا جس کے بعد آسمان پر دھوئیں کے بادل چھا گئے، تاہم اس وقت تک سرکاری طور پر اس واقعے کی کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی تھی۔