سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے پر پنجاب حکومت نے ملک عدنان کو انسانی حقوق کا ایوارڈ دینے کا اعلان کردیا۔
صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم کا کہنا ہے کہ ملک عدنان کو 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن پر ایوارڈ دیا جائے گا۔
اعجاز عالم نے کہا کہ ملک عدنان نے سری لنکن منیجر کو بچانے کی ہر ممکنہ کوشش کی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ خوشی ہے کہ ملک عدنان نے انسانیت کی بہترین مثال قائم کی۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بھی ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا۔
ایک پیغام میں وزیراعظم نے سیالکوٹ میں سری لنکن فیکٹری منیجر کی جان بچانے کی کوشش کرنے والے ساتھی منیجر ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ پوری قوم کی جانب سے ملک عدنان کی اخلاقی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرنا چاہتے ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ملک عدنان نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچانے کی ہرممکن کوشش کی۔