پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی، جس کے مطابق پریانتھا کمارا کے جسم کا 99 فیصد حصہ جل چکا ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق پریانتھا کی موت دماغ اور جبڑے کی ہڈیاں ٹوٹنے سے ہوئی، تشدد سے پریانتھا کے ایک پاؤں کےعلاوہ جسم کی تمام ہڈیاں ٹوٹ چکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پریانتھا کا جگر، معدہ اور ایک گردہ بھی متاثر ہوا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پریانتھا کے جسم کے تمام حصوں پر تشدد کے نشانات ہیں۔ ریڑھ کی ہڈی تین جگہوں سے ٹوٹی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکڑوں مشتعل افراد نے سری لنکن شہری پر مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر ڈنڈے برسائے، اسے موت کے گھاٹ اتار دیا، اس کی لاش کی بے حرمتی کی، گھسیٹا اور آگ لگا دی۔
سانحہ سیالکوٹ کی پولیس تحقیقات جاری ہیں، دوران تحقیقات اب تک 110 افراد کی شناخت ہوگئی ہے، جن میں 13 مرکزی ملزمان ہیں، ملزمان طلحہ اور فرحان نے پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔
160 سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو حاصل کرلی گئیں، موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کیا جارہا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق مرکزی ملزم فرحان ادریس گرفتار ہے، گرفتار ملزم جنید جلتی لاش کے ساتھ سیلفی لیتے دیکھا گیا۔
میڈیا کے سامنے اعتراف جرم کرنے والا طلحہ عرف باسط اور ورکرز کو اشتعال دلانے والے ملزم صبور بٹ کو بھی گرفتار کرلیا۔
پنجاب پولیس نے سیالکوٹ واقعہ کی ابتدائی رپورٹ حکام کو بھیج دی۔