سیالکوٹ(نیوز ایجنسیاں ) سیالکوٹ میں سری لنکن باشندے اور فیکٹری مینیجر پریانتھا کمارا قتل کیس میں نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔پولیس کے مطابق ملزمان نے پریانتھا کو قتل کرنے کے بعد فیکٹری مالک کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر فیکٹری مالک کی جان بچائی، ہجوم کے پاس پیٹرول کی بوتلیں بھی تھیں ، ہجوم نے پولیس پر بھی پیٹرول پھینک کر آگ لگانے کی دھمکی دی ، پولیس کی بھاری نفری نے فیکٹری کو آگ لگانے کا منصوبہ ناکام بنادیا ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ ہجوم کے پاس پیٹرول کی بوتلیں بھی تھیں اور ان کی جانب سے فیکٹری کو آگ لگانے کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پریانتھا کمارا کو قتل کرنے کے بعد ملزمان نے مینجر کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا، پولیس جب فیکٹری کے اندر داخل ہوئی تو ہجوم فیکٹری مالک پر تشدد کر رہے تھے، پولیس نے پہلے فیکٹری مالک کو ہجوم سے بچایا ۔پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان نے سری لنکن شہری کی لاش کو باہر نکالنے کے بعد فیکٹری کو آگ لگانے کی منصوبہ بندی بھی کی تھی، ہجوم نے پولیس پر بھی پیٹرول پھینک کر آگ لگانے کی دھمکی دی تھی، تاہم پولیس کی بھاری نفری نے فیکٹری کو آگ لگانے کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی۔