اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت سمیت تمام پڑوسی ملکوں کے ساتھ پر امن تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے۔لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ارتکاب کر رہا ہے جن سے علاقائی امن و سلامتی کو شدید خطرہ ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کرکٹ سیریز کی بحالی کا انحصار بھارت کی سنجیدگی اور پاکستان کے امن اقدامات کے مثبت جواب پر ہے۔شاہ محمودقریشی نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستان پر امن اور محفوظ ملک ہے جہاں سیاحت کے فروغ کے پُرکشش مواقع موجود ہیں۔