راولپنڈی( اپنے رپورٹرسے)ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی کی زیر صدارت ہوا جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور اقلیتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیالکوٹ کے سانحہ کی مذمت کی گئی اور کرسمس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ خطیب حافظ محمد اقبال رضوی، انچارج ہولی فیملی کیتھولک چرچ بابو ساجد امین کھوکھر، ہندو کمیونٹی کے نریشد چند، سفیر امن کمیٹی پیر سید اظہار بخاری، سینٹ پال چرچ کے نمائندے سہیل کامران، کرائیسٹ چرچ کے نمائندے بوٹا مسیح، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کیپٹن (ر) قاسم اعجاز اور ایس پی صدر کامران الطاف نے شرکت کی۔ ارکان کمیٹی نے کہا کہ سیالکوٹ کا سانحہ انسانیت کی توہین کی بد ترین مثال ہے اور کوئی مذہب اس طرح کی بربریت کی اجازت نہیں دے سکتا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کہ کرسمس کے موقع پر بہترین سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔