• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’سی اے سی‘ پینے کا صحیح طریقہ کیا ہے ؟

اکثر اوقات خواتین کیلشیم کی مقدار حاصل کرنے کے لیے سی اے سی (کیلشیم) کی گولی یا ساشے پانی میں ملا کر استعمال کرتی ہیں جس کے صحت پر بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں مگر اس کے غلط استعمال کے نتیجے میں  صحت سے متعلق متعدد شکایات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

پاکستانی نیوٹریشنسٹس کا بتانا ہے کہ سی اے سی کا استعمال روزانہ یا ہفتے میں 2 سے 3 بار کیا جا سکتا ہے جبکہ 3 سال سے 7 سال کے بچوں کو اس کی آدھی گولی کا استعمال کروایا جا سکتا ہے اور 7 سال سے بڑی عمر کے افراد روزانہ ایک گولی یا ساشے پانی میں شامل کر کے پی سکتے ہیں ۔

سی اے سی (CAC)  کا ا ستعمال کیوں ضروری ہے ؟

غذاؤں میں بے تحاشہ  ملاوٹ کے سبب بہتر صحت کے لیے آج کل صرف غذا سے بنیادی غذائی اجزا کا مکمل حصول ناممکن  ہو چکا ہے، ایسی صورت میں ہر انسان خصوصاً خواتین کو وٹامنز، منرلز، آئرن اور کیلشم کی مطلوبہ مقدار حاصل کرنے کے لیے سپلیمنٹس کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے جبکہ سی اے سی میں  وٹامن سی، وٹامن ڈی اور بی 6 کی بھرپور مقدار موجود ہوتی ہے۔

مردوں کے مقابلے میں خواتین کو کیلشیم کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے تاہم خواتین سی اے سی کا باآسانی استعمال کر سکتی ہیں۔

سی اے سی استعمال کرنے کا صحیح طریقہ :

ماہرین کے مطابق اگر روزانہ کی بنیاد پر سی اے سی کا استعمال کر رہے ہیں تو ساتھ میں کم از کم 3 لیٹر پانی کا استعمال ضرور کریں ورنہ اس کے نتیجے میں گردے میں پتھری ہو سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سی اے سی کا سوڈا واٹر، کولڈ ڈرنک جیسا ذائقہ ہوتا ہے اسی لیے بہت سے افراد اس کا استعمال کولڈ ڈرنک کی جگہ کر لیتے ہیں اور اسے تحلیل اور ہضم ہونے کے لیے پانی کی مطلوبہ مقدار کا استعمال نہیں کرتے ہیں جس کے نتیجے میں یہ جسمانی اعضاء خصوصاً گردوں میں تکلیف اور پتھری کا سبب بنتی ہے۔

نیوٹریشنسٹس کی جانب سے اس کا استعمال کھانے کے ساتھ یا کھانے کے فوراً  کرنے سے منع کیا جاتا ہے۔

کھانا کھانے کے ڈیڑھ سے 2 گھنٹوں بعد سی اے سی کا استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ اس کے استعمال کے بعد بھی دو گھنٹے تک نہ کچھ کھائیں نہ ہی کوئی چائے کافی وغیرہ کا استعمال کریں۔

سی اے سی کے فوائد:

خواتین میں ہڈیوں کے کمزور اور بھربھرے ہونے کی شکایت زیادہ پائی جاتی ہے، اس تکلیف سے بچاؤ کے لیے سی اے سی کا استعمال ہر خاتون کو کم عمری سے ہی شروع کر دینا چاہیے۔

اس کا استعمال ہر روز یا ایک دن کے ناغے سے بھی کیا جا سکتا ہے ۔

سی اے سی کا استعمال کون سے افراد نہ کریں ؟

ماہرین کے مطابق جن افراد کو پہلے ہی سے گردے میں پتھری یا درد کی شکایت ہو اُنہیں سی اے سی کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سی اے سی ہمیشہ ڈاکٹر کے مشورے سے ہی پینا شروع کریں اور اگر معالج اس کے استعمال کا منع کرے تو لازمی ہے کہ سی اے سی کا استعمال ترک کر دیں۔

تازہ ترین