کراچی (آئی این پی) معروف ماڈل، میزبان و اداکارہ نتاشا حسین نے دوسری شادی کے 25 سال گزرنے کے بعد انکشاف کیا ہے کہ ان کی پہلی شادی ناکام ہوگئی تھی۔ ایک ٹی وی شو میں اداکارہ نتاشا حسین نے اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر پر بات کی اور کہا کہ انہوں نے اداکاری کرنے میں کافی دیر کی۔ نتاشا حسین کا کہنا تھا کہ ماڈلنگ کی عمر کم ہوتی ہے، انہیں وہاں صرف 5 سال تک کام کرنا تھا مگر وہاں انہوں نے 8 سال تک کام کیا اور بعد میں انہوں نے میزبانی کا آغاز کیا۔ نتاشا کے مطابق انہیں اداکاری کی فیلڈ میں پہلے ہی آجانا چاہیے تھا مگر انہوں نے دیر کردی تاہم انہیں اب اچھے اور مرکزی کردار ملنے لگے ہیں۔بڑی صاحبزادی کی جانب سے اداکاری کرنے کے ایک سوال پر نتاشا حسین نے شوہر عباس حسین کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے بیٹی کی شوبز میں انٹری پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ نتاشا حسین نے اسی دوران انکشاف کیا کہ عباس حسین سے ان کی دوسری شادی ہے، ان سے قبل ان کی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی شادی تھوڑا ہی عرصہ چلی اور اس میں پابندیاں ہونے کی وجہ سے وہ ناکام ہوئی، جس کے بعد انہوں نے دوسری شادی کی اور عباس حسین نے انہیں مکمل خودمختاری دی ہے۔