• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا محمود حسنؒ اور حسین مدنی ؒ صوفی باصفا تھے، عمر توحیدی

اولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ شیخ الہند مولانا محمود حسنؒ اور شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنیؒ جلیل القدر اور متبع سنت عالم دین نامور محدث و مفسر اور وقت کے عالی مرتبت صوفی باصفا اور ہندوستان میں تحریک حریت و آزادی کےصفِ اوّل کے انقلابی قائدین میں سے تھے۔ آج ہم آزاد فضاؤں میں جو سانس لے رہے ہیں یہ انہی بزرگوں کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے اس وقت ہندوستان میں مطلق العنان قوت کے خلاف آزادی کی سب سے بڑی خفیہ تحریک (ریشمی رومال) چلائی جب ان کی سلطنت میں سورج غروب نہیں ہوتا تھا۔ 30 نومبر شیخ الہند محمود حسن اور 5 دسمبر سید حسین احمد مدنی کے یوم وفات پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان دونوں استاد اور شاگرد کی آزادی وطن کے لیے کی گئی کوششوں کا دائرہ افغانستان، ہندوستان، عرب اور ترکی تک پھیلا ہوا تھا، اس کی پاداش میں انہوں نے قید و بند کی صعوبتیں خندہ پیشانی سے برداشت کرتے ہوئے عزیمت کی وہ داستان رقم کی جسے کسی بھی صورت بھلایا نہیں جا سکتا، مالٹا کے جزائر میں دارورسن کا سامنا بھی کیا مگر ان کے پائے استقامت میں لرزش نہ آئی اور آزادی وطن کے لئے آخری دم تک مصروف عمل رہے جو ہماری تاریخ کا روشن باب ہے۔ شیخ الہند کی وفات کے بعد سیاسی سرگرمیوں کا سارا بوجھ حضرت مدنی نے 37 سال تک تن تنہا اٹھائے رکھا، تحریک خلافت، تحریک ترک موالات میں حصہ لیا اور قید و پھانسی کی پروا نہ کرتے ہوئے اسے مزید اجلاپن اور روشنی عطا کی۔ عمر توحیدی نے کہا یہ دونوں بزرگ عالم اسلام کے عظیم محسنوں میں سے ہیں اور جو قومیں اپنے مشاہیر اور محسنوں کو یاد نہیں رکھتیں زمانہ ان کو بھول جاتا ہے اور وہ نکبت و ادبار کا شکار ہوجاتی ہیں۔
تازہ ترین