• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے


وزیراعظم عمران خان پاکستان ایئرفورس کے خصوصی طیارے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے ہیں، وہ آج کراچی میں باقی کا مصروف ترین دن گزاریں گے۔

وزیراعظم عمران خان آج کراچی میں سرجانی ٹاؤن سے نیوکراچی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلبہار، لسبیلہ چوک اور گرومندر کے راستے مزار قائد اعظم کے قریب نمائش چورنگی تک وفاقی حکومت کے زیر انتظام مکمل کیے گئے گرین لائن بس سروس منصوبے کے ٹرائل آپریشن کا افتتاح کریں گے۔ 

حکام کے مطابق یہ تقریب نمائش چورنگی پر گرین لائن منصوبے کے مرکزی اسٹیشن میں منعقد ہوگی۔

17.8 کلومیٹر طویل گرین لائن ٹریک کا سنگ بنیاد پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت نے 26 فروری 2016ء کو رکھا تھا، اسے سال 2018ء میں مکمل ہونا تھا مگر تاخیر کے بعد اب یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے اور اعلان کے مطابق 25 دسمبر 2021ء کو گرین لائن کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

کراچی میں آج کی دیگر مصروفیات میں وزیر اعظم عمران خان گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور دیگر سرکاری شخصیات سے اجلاس اور ملاقاتیں کریں گے۔ 

شیڈول کے مطابق عمران خان آج شام ہی کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔

تازہ ترین