• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرین لائن بس منصوبہ نون لیگ کا ہے: مریم اورنگزیب


مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ گرین لائن بس منصوبہ مسلم لیگ نون کا ہے، عوام کو علم ہے کہ کون جھوٹ بول رہا ہے اور کون دھوکا دے رہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف چاہتے تھے کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کا ایسا نظام ہو جس سے عوام فائدہ اٹھائیں، وزیرِ اعظم عمران خان کو شکر کرنا چاہیے کہ نواز شریف اتنے منصوبے لگا کر گئے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے نہ خیبر پختون خوا میں اور نہ ملک کے دیگر حصوں میں ایک اینٹ بھی لگائی، نواز شریف کے ایک اور لگائے ہوئے منصوبے کا عمران خان آج افتتاح کریں گے، اسی اسٹیج پر نواز شریف کے خلاف بات کریں گے، کل وزیرِ اعظم کے حکم پر کراچی میں رینجرز کو استعمال کر کے نون لیگ کے پرامن رہنماؤں اور کارکنوں پر تشدد ہوا، ہم اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں 3 سال سے صرف جھوٹ، فریب، ڈاکا مارا اور عوام کو لوٹا جا رہا ہے، میٹرو سمیت گرین لائن بس سروس کا منصوبہ شہباز شریف کا فیصلہ تھا، عمران خان شکر کریں کہ نواز شریف نے اتنے منصوبے لگائے کہ وہ 3 سال سے ان کا افتتاح کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ان کے بارے میں آئی ہے جنہوں نے 90 دن میں کرپشن ختم کرنی تھی، سابق دور میں کے پی میں ایک بھی منصوبہ عمران خان مکمل نہیں کر سکے، عمران خان کی نا اہلی اور کرپشن کی وجہ سے 66.8 فیصد لوگ کہتے ہیں کہ عمران خان حکومت کا احتساب غیر جانبدار نہیں، 93 فیصد لوگ کہتے ہیں کہ سب سے زیادہ مہنگائی تحریکِ انصاف کے دور میں ہوئی۔

ترجمان نون لیگ نے کہا کہ عمران خان دور میں کرپشن انڈیکس میں پاکستان 117 سے 127 نمبر پر آ گیا، مسلم لیگ نون پاکستان کو اس انڈیکس میں 124 سے 117 پر لے کر گئی تھی، ان کی وجہ سے پاکستان کا کرپشن پرسیپشن انڈیکس بڑھ گیا ہے، انہوں نے کورونا ریلیف فنڈ کو بھی نہیں چھوڑا، اس پر بھی ڈاکا ڈالا۔

ان کا کہنا ہے کہ 1.24 ٹریلین روپے کا فنڈ مختص کیا گیا، جون 2020ء تک 354.2 بلین روپیہ ریلیز ہوا، آڈیٹر جنرل پاکستان کو 40 ارب روپے کا ریکارڈ نہیں دیا گیا، جو ریکارڈ ملا اس میں 40 ارب روپے کا ڈاکا ڈالا گیا ہے، کابینہ نے رپورٹ کو مسترد کیا، جیسے چور کہے میرے خلاف ایف آئی آر نہ کاٹو۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام شاید اس لیے بدلا کہ اس میں ڈاکا ڈالنا تھا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل 13 لاکھ افراد کو کوئی پیسہ نہیں ملا، انکم سپورٹ پروگرام میں 5 لاکھ افراد جو مستحق نہیں تھے ان کو پیسہ ملا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے بل کی مد میں 100 ارب روپے دینے تھے، 15 ارب دیے، باقی پیسے کہاں گئے؟ نواز شریف کے دور میں 11 روپے اور آج بجلی کا یونٹ 29 روپے کا ہو گیا، مہنگائی، بھوک اور افلاس عروج پر ہے، موصوف کہتے ہیں کہ پاکستان سب سے سستا ہے۔

نون لیگ کی ترجمان نے کہا کہ آج عوام کو وزیرِ اعظم سے پوچھنا چاہیے کہ ہمارا ریلیف فنڈ کہاں گیا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں فیک ٹرانزیکشنز ہوئیں جن کا کوئی ریکارڈ نہیں، جعلی بائیو میٹرک کے ذریعے 25 ارب روپے کا انکم سپورٹ پروگرام میں ڈاکا ڈالا گیا، یہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بائیو میٹرک کو شفاف نہیں بنا سکتے، انہوں نے ای وی ایم سے پاکستان کے عوام کا الیکشن کروانا ہے، یہ ای وی ایم کے ذریعے کیسے انتخابات شفاف کرائیں گے؟

انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی کارپوریشن میں ناقص اشیاء خریدی گئیں، جس کی کسی قسم کی مانیڑنگ نہیں تھی، این ڈی ایم اے میں 6 ارب کا ڈاکا ڈالا گیا ہے، حق دار لوگوں کے حق سے بنی گالہ پیسہ گیا اور ڈاکا ڈالا گیا، 50 لاکھ پلاسٹک کے بنے گھر ہی دکھا دیں تاکہ عوام کی کچھ تشفی ہو سکے۔

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ عوام کی صحت کا جو پیسہ آپ کھا گئے اس کا جواب یہاں بھی اور آخرت میں بھی دینا ہو گا، دیگر چیزیں چھوڑیں، عوام کے آٹا، چینی، دوائی اور کورونا فنڈز کا جواب دیں۔

تازہ ترین