وزیراعظم عمران خان نے سندھ حکومت کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ جو بھی کام کر رہے ہیں وہ مل کر کریں۔
کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کےفور منصوبہ اگست 2023 تک مکمل کر لیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ سندھ حکومت ہیلتھ کارڈ اور بنڈل آئی لینڈ منصوبوں پر آگے آئے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کوئی جدید شہر جدید ٹرانسپورٹ کے بغیر نہیں چل سکتا، کراچی کو فنکشنل اورخوشحال کرنا پاکستان کوخوشحال کرنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ روشنی کے شہر کو ہم نےکھنڈر بنتے دیکھا ہے، بلدیاتی انتخابات میں کراچی کو خود مختاری دینی ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کے فور منصوبے کے تحت اگست 2023 تک ہم کراچی میں کینجھرجھیل سے پانی پہنچا دیں گے۔
کراچی میں گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبے کے افتتاح کے موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے بس کا ٹکٹ بھی لیا اور بس میں سوار ہوئے اور اس کا معائنہ کیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے ترجمان کے مطابق کراچی گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم منصوبہ 35.5 بلین روپے کی خطیر رقم سے مکمل ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ منصوبہ وفاق کی جانب سے کراچی کے لیے ایک بیش قیمت تحفہ ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ گرین لائن بسیں روزانہ 1 لاکھ 35 ہزار مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کریں گی۔