ملتان(سٹاف رپورٹر)سپیشل کورٹ اینٹی کرپشن ملتان نے میئر ملتان چوہدری نوید الحق ارائیں کی عبوری ضمانت پر سماعت وکلاء بحث کے لئے 18 دسمبر تک ملتوی کردی ۔ چوہدری نوید الحق سمیت دیگر کے خلاف گزشتہ سال زینت پلازہ کے نقشہ کی غیر قانونی منظوری دینے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، جعلی کوٹیشن ورک میں سرکار خزانہ کو کروڑوں روپے کے نقصان پہنچانے پر مقدمہ درج کیا گیا، میٹرو بس پراجیکٹ کی تشہیر کی مد میں غیر قانونی اقدامات کے ذریعے سرکاری خزانہ کو کروڑوں کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میں مبینہ طور پر 2 کروڑ 33 لاکھ روپے کی کرپشن کرنے کے مقدمہ میں ملوث 11 ملزموں کے خلاف کیس کی سماعت آج ہو گی ، ہائیکورٹ ملتان بینچ نے پٹرول پمپ کا کنکشن بحال نہ کرنے کے خلاف درخواست پر چیف ایگزیکٹو میپکو کو 30 روز میں سماعت کر کے فیصلہ کرنے کا حکم دیا ۔ فاضل عدالت میں عزیز الرحمن نے درخواست دائر کی تھی کہ اس نے پٹرول پمپ کا بجلی کا کنکشن لگوانے کے لیے مروجہ طریقہ کار اختیار کیا اور فیسیں بھرنے کے ساتھ ٹرانسفارمر اور کھمبا بھی لگوا کر دیا جس پر کنکشن لگانے کے کچھ عرصہ بعد کنکشن بلاوجہ منقطع کر دیا گیا اور اب ٹرانسفارمر اور کھمبے کے پیسے طلب کئے جا رہے ہیں جو غیر قانونی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے بھاری مقدار میں چرس برآمد ہونے کے مقدمہ میں بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر ملزم عثمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے پولیس کو جلد گرفتاری کا حکم دے دیا۔