مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ کے معاملے میں اسپیشل کورٹ سینٹرل نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
خصوصی عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے متعلق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو چالان واپس کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف و دیگر کی عبوری ضمانتیں بینکنگ کورٹ میں زیر التوا ہیں، عدالت نے ایف آئی اے کو چالان بھی جمع کروانے کا حکم دے رکھا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسپیشل کورٹ سینٹرل شہباز شریف و دیگر کیخلاف چالان وصول نہیں کرسکتی۔
فیصلے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب ڈاکٹر رضوان اور پراسیکیوٹر علی مردان کے ہمراہ پیش ہوئے، جنہوں نے کیس کا چالان وصول کرنے کی استدعا کی۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت کو شہباز شریف و دیگر کی عبوری ضمانت بینکنگ عدالت میں زیر التوا ہونے کا علم ہوا، ایف آئی اے کو کیس میں بینکنگ کورٹ کے عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراض ہے۔
عدالتی تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ بینکنگ عدالت نے چالان جمع نہ کروانے پر عدالتی حکم عدولی قراردیا اور دائرہ اختیار کا فیصلہ چالان جمع کروانے سے مشروط کیا ہے۔
تحریری حکم میں چالان ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب کو واپس کیے جانے کا بھی ذکر ہے۔